لکس اسٹائل ایوارڈز: نامزدگیوں پر سونیا حسین، کبریٰ خان اور یاسرہ رضوی ہم آواز
لکس اسٹائل ایوارڈز کی نومینیشنز (نامزدگیاں) منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی شوبز انڈسٹری میں واویلا مچ گیا، سونیا حسین کے ساتھ یاسرہ رضوی اور کبریٰ خان بھی میدان میں آگئی ہیں۔
لکس اسٹائل ایوارڈز ہر سال اپنے ساتھ کوئی نہ کوئی تنازعہ ضرور لے آتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی ڈراموں کی نامزدگیوں کے حوالے سے کچھ اداکاراؤں اور مداحوں کو شدید تحفظات ہیں۔
سب سے پہلے اداکارہ سونیا حسین میدان میں آئیں اور اپنے ڈرامہ سیریل "سراب" کو نامزد نہ کرنے پر لکس اسٹائل ایوارڈز کی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
سونیا حسین کے بعد یاسرہ رضوی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ لکس ایک بیوٹی برانڈ ہے۔ اس لیے دیگر کمپنیوں کی طرح ان کی توجہ بھی اپنی مصنوعات کی فروخت اور منافع بڑھانے پر مرکوز ہوتی ہے۔ اپنے مقصد کے حصول کے لیے یہ لوگ آرٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ آرٹ کی خدمت کرنا ان کا مقصد بالکل بھی نہیں ہوتا۔
ڈرامہ سیریل "الف" میں کبریٰ خان نے "حسن جہاں" کا کردار نبھایا اور خوب داد وصول کی، لیکن حیران کن طور پر انہیں بھی لکس اسٹائل ایوارڈز میں نامزد نہیں کیا گیا۔
لاجواب اداکاری پر کبریٰ خان کو نامزد نہ کرنے پر مداحوں نے لکس اسٹائل ایوارڈز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
کبریٰ نے لکھا کہ ان کا اصل ایوارڈ مداحوں کا وہ پیار ہے جو انہوں نے پچھلے چوبیس گھنٹوں میں دیکھا، اور یہ ان کے لیے ٹروفی سے بڑھ کر ہے۔
ایک اور پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ جیتنے والے شخص کو نہ تو کسی اسٹیج کی ضرورت ہوتی ہے نہ ہی کسی تقریب کی۔