شائع 26 اگست 2021 12:33am

افغانستان : چوبیس گھنٹے میں انیس ہزار افراد کا انخلا

امریکی فوجی جنرل ولیئم ٹیلر نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں 19 ہزار افراد کا افغانستان سے انخلا کرایا گیا ہے۔

محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے امریکی فوجی جنرل ولیئم ٹیلر نے امکان کا اظہار کیا کہ 31 اگست کی انخلا کی ڈیڈ لائن تک کابل ایئرپورٹ سے لوگوں کو نکالنے کا عمل جاری رہے گا تاہم بریفنگ میں انہوں نے امریکی فوج اور فوجی ساز و سامان کو نکالنا ترجیح قرار دیا۔

امریکی فوجی جنرل ولیئم ٹیلر نے مزید کہا کہ انخلا کے لیے ہر 39 منٹ میں ایک طیارہ کابل ایئرپورٹ سے پرواز کررہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 19 ہزار افراد کا انخلا کرایا گیا۔

اس موقعے پر امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں کابل ایئرپورٹ اتنی فوج رکھی جائیگی جتنی آئندہ دنوں میں انخلا کیلئے ضروری ہے ۔

جان کربی نے مزید کہا کہ اگر متعلقہ افراد کو نکالے جانیکی ضرورت ہے تو فوج شہریوں کو نکالنے کیلئے آخری وقت تک یہ عمل جاری رکھے گی۔ تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ آخری دنوں اور گھنٹوں میں انخلا میں توازن کی ضرورت ہے کیونکہ پانچ ہزار چارسو اہلکار اور دیگر اہم سامان جہازوں پر نکالنے کیلئے موجود ہوگا۔

دوسری جانب امریکی کانگریس کی اوورسائیٹ اینڈ ریفارم کمیٹی نے اسٹیٹ سیکریٹری کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جائے کہ اشرف غنی افغانستان سے کرپشن کر کے دولت سے بھرے بیگ لیکر فرار ہوئے۔

خط میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر تو یہ رقم وہ نہیں جو امریکی ٹیکس دہندگان نے افغانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے انہیں دی تھی تو بتایا جائے کہ امریکا غنی سے یہ رقم واپس لینے کیلئے کیا اقدامات کررہا ہے،،

Source: usnews.com

Read Comments