پنجاب: لازمی ویکیسی نیشن کیلئے حکمت عملی وضع
پنجاب بھر میں لازمی ویکیسی نیشن کیلئے محکمہ صحت پنجاب نے دو مرحلوں پر مشتمل حکمت عملی وضع کر دی۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے جاری کئے گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، محکمہ تعلیم سے متعلق تمام سٹاف، سکول ٹرانسپورٹ عملہ، ہوٹلز، شادی ہالز، شاپنگ مالز میں داخلے اور ریسٹورنٹس میں بکنگ کیلئے 31 اگست تک پہلی اور 30 ستمبر تک دوسری ڈوز لگوانا لازمی ہو گی۔17 سال سے زائد عمر کے افراد کو 15 ستمبر تک پہلی اور 15 اکتوبر تک دوسری خوراک لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نجی اور سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے افراد، ہوائی جہاز، ٹرین اور تمام قومی شاہراہوں پر سفر کیلئے بھی 15 اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن کی شرط عائد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد تمام سیکٹرز میں بغیر ویکسینیشن کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔ ٹریفک، موٹروے، ہائی وے پولیس اور ضلعی انتظامیہ عملدرآمد اور چیکنگ کی ذمہ دار ہو گی، جبکہ نجی اور سرکاری دفاتر کے سربراہان اور ریسٹورنٹ، شاپنگ مالز میں سٹاف اور کسٹمرز کی ویکسینی شن مالکان کی ذمہ داری ہو گی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل کے ہمراہ پریس بریفنگ دی۔
اسد عمر نے کہا کہ 30 ستمبر کے بعد اسکول اور ٹرانسپورٹیشن میں مکمل ویکسی نیشن کے بغیر کام نہیں کیا جاسکے گا جب کہ مکمل ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد فضائی سفر بھی نہیں کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر اسدعمر کا کہنا تھا کہ ویکسین نہ لگوانے والے 30 ستمبر کے بعد فضائی سفر نہیں کرسکیں گے اور نہ ہی مکمل ویکسی نیشن کرانے والے پاکستان آسکیں گے جبکہ شاپنگ مالز، ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی یہ پابندیاں لاگو ہوں گی۔
سربراہ این سی او سی نے مزید کہا کہ شادی کی تقریبات میں بھی 30 ستمبر کے بعد بغیر مکمل ویکسی نیشن شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔