لاہور: چنگچی میں خواتین کو ہراساں کرنے کا معاملہ، مقدمہ درج، تلاش شروع
لاہور میں چودہ اگست کو رکشہ سوار خواتین کو ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
لاہور میں رکشہ سوار خواتین کو ہراساں کرنے کے معاملے کا نوٹس لیا گیا ہے۔ تھانہ لاری اڈہ میں پولیس کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دو خواتین اور ایک بچی رکشے میں سوار تھے کہ اوباش لڑکوں نے ان کا پیچھا شروع کردیا۔
نوجوانوں نے خواتین سے بدتمیزی اور نازیبا حرکات کیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دس سے بارہ موٹر سائیکل سوار نوجوان خواتین کا پیچھا کرتے رہے جن میں سے ایک نوجوان نے رکشے پر چڑھ کر خاتون سے دست درازی کی اور فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب لاہور گریٹر اقبال پارک میں ہجوم کی بدسلوکی کا شکار ہونے والی خاتون عائشہ کے گھر پولیس نفری تعینات کر دی گئی۔
اہلخانہ کی مرضی کے بغیر کسی شخص کو ملنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
گریٹر اقبال پارک لاہور میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کے معاملے پر پنجاب پولیس کی جانب سے عائشہ اکرم کے گھر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ عائشہ اکرم کا مؤقف ہے کہ دھمکیاں ملنے کے بعد اس کی والدہ بیمار ہو گئی اور والد ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔ افسوسناک واقعے کے بعد بہت سے لوگوں کی کالز موصول ہو رہی تھی جبکہ بڑی تعداد میں لوگ گھر آنا شروع ہو گئے تھے۔