'پاکستان نے افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی ہے'
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نےکہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کے پُرامن حل کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان نے افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی ہے،
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق فورتھ پاکستان بٹالین کو بٹالین پرچم عطا کرنے کی تقریب ہوئی ہے ۔ آرمی چیف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آج کا دِن پاکستان ملٹری اکیڈمی جیسے ادارے کی ارتقاء میں ایک سنگِ میل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فورتھ پاکستان بٹالین نےشاندار کارکردگی دکھائی ہے، پاکستان ملٹری اکیڈمی کا شمار دُنیا کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ آپ پاکستان دُشمنوں کے دِلوں میں خوف کی علامت ہیں۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ تمام تر مشکلات کے باجود آج کا پاکستان ترقی کرتا ہوا پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگست کا مہینہ ہمیں آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، ہمارے محنتی جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، دُنیا کی کوئی طاقت ایک متحد قوم کو گزند نہیں پہنچا سکتی۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ روایتی جنگ ہو یا دہشت گردی کے خلاف رسپانس افواجِ پاکستان ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اُتریں۔ پاکستان قومی اور علاقائی امن اور ترقی کا خواہاں ہے،
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ افغانستان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کوششیں ہیں،یہ کاوشیں ایک ایسے خطے کے قیام کیلئے ہیں، جوپُرامن ہو۔ ایسا خطہ جو خوشحال اور معاشی شراکت دار ہو۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ عالمی برادری افغانستان کے پُرامن حل کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان نے افغانستان میں بدامنی کی بھاری قیمت ادا کی ہے، معاشی مشکلات کے باوجود 4دہائیوں سے30لاکھ سے زیادہ افغانیوں کو پناہ دی۔
قمرجاوید باجوہ کاکہنا تھا کہ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوششوں پر خاموش نہیں رہ سکتے،یہ سازشیں کرنے والے وہی ہیں جو علاقائی امن میں رکاوٹ ہیں، ہم افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن خطے اور بالخصوص افغانستان کے لوگوں کیلئے اشد ضروری ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ طالبان خواتین اور انسانی حقوق کے حوالے سے وعدے پورے کریں گے، افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے مزید کہاکہ آزادی کے اس مہینے میں ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ بدترین ریاستی دہشت گردی اور استحصال کا شکار ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ میں یقین دلاتا ہوں پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ہمیشہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔