امریکی بلاگر سینتھیا رچی بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل
امریکی بلاگر سینتھیا رچی کوبے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وہ اپنے فلیٹ پر بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سینتھیا رچی کو پولی کلینک اسپتال علاج کیلئے منتقل کردیا گیا ہے۔
اسپتال کے ڈاکٹرز نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے ۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سینتھیا نے انکو بتایا تھا کہ ان کو نشہ آور شے دی گئی ہے۔
تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ معدے کی صفائی کردی گئی ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق وہ ابھی لیبارٹری کو بھیجے گئے نمونوں کی رپورٹس کے منتظر ہیں اور فی الحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے۔
سینتھیا رچی گزشتہ سال اس وقت میڈیا کی زینت بنی جب انہوں نے پی پی رہنما رحمان ملک پر ریپ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
سینتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر بھی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
دونوں رہنماوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا اور ان کا موقف تھا کہ یہ پی پی کو بدنام کرنیکی سازش ہے۔
واقعے کے بعد پی پی رہنما رحمان ملک نے ہتک عزت کا دعوی سینتھیا رچی پر دائر کیا تھا جبکہ رچی نے بھی عدالت میں رحمان ملک کیخلاف ریپ کا مقدمہ درج کروانے کیلئے درخواست دائر کی تھی ۔ تاہم ان کی یہ درخواست اس وقت مسترد کردی گئی جب پولیس نے بتایا کہ سینتھیا کی جانب سے اس حوالے شواہد یا مواد پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا۔
بعدازاں دونوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک دوسرے کیخلاف دائر پٹیشن واپس لے لی تھی ، دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف مقدمات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رابطہ کیا گیا تھا۔