یوم عاشور، ملک بھر میں سیکیورٹی کیلئے انتہائی سخت اقدامات
ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں،بیشترشہروں میں موبائل فون سروس بند اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد ہے،جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جارہی ہے۔
کراچی میں یوم عاشور کامرکزی جلوس ایک بجےنشترپارک سے برآمد ہو ا،جلوس ایم جناح روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ علی رضا پر پہنچا، جہاں سے جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرکر حسینیہ ایرانیان کھارادر میں پہنچ کراختتام پذیر ہوجائےگا۔
لاہور میں 605 مجالس اور 125 جلوسوں کی حفاظت کیلئے762 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں کے روٹ میں آنے والے تمام راستے خاردار تاریں اور بیرئیرز لگا کر سیل کئے گئے ہیں جبکہ بلند عمارتوں پر سنائپرز بھی فرائض سرانجام دیں گے،لاہور شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک رواں رکھنے کیلئے 10 ڈی ایس پیز سمیت 2600 وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں۔
راولپنڈی میں جلوس کی حفاظت کیلئےفول پروف اقدامات کئے گئے ہیں،وفاقی پولیس کی بھاری نفری سیکیورٹی پر معمور ہے، یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں میٹروبس سروس بند رہے گی ،جبکہ آئی جے پی روڈ سے سیکرٹریٹ تک میٹرو بس سروس بحال رہے گی۔
پولیس کے2500، ٹریفک پولیس کے 700سے زائد افسران و ملازمین تعینات ہیں، مرکزی جلوس کی سیکورٹی اور ٹریفک روانی کے لئے 1000 پولیس افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں، دیگر مجالس و جلوسوں کے لئے1500سے زائد پولیس افسران وملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
پشاور میں دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر معمور ہیں،جلوس کی گُزر گاہوں میں بازاروں کو سیل کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں میں ساڑھے چھ ہزار اہلکار تعینات ہیں،جبکہ ڈھائی سو کیمروں کی مدد سے جلوس کی نگرانی کی جارہی ہے، جلوس کےراستوں کےاطراف کی سڑکیں کنٹینرز اورکناتیں لگاکر بند کردی گئی ہیں۔