کراچی : کورونا وائرس کی چوتھی لہر،کیماڑی میں مائیکرولاک ڈاون
کراچی میں کورونا وائرس چوتھی خطرناک لہر جاری ہے تاہم ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختیار ابڑو نے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ڈسٹرکٹ کیماڑی کے تین سب ڈویژن کے 7 یونین کونسل میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی رپورٹ کے مطابق لگایا گیا۔ بلدیہ سب ڈویژن کے یونین کونسل نمبر 7 مہاجر کیمپ ، یونین کونسل نمبر 5 سعید آباد یونین کونسل نمبر 2 اتحاد ٹاون کے مختلف علاقے شامل ہیں۔
کیماڑی سب ڈویژن کے یونین کونسل نمبر 2 سلطان آباد ، یونین کونسل نمبر 1 بھٹہ ویلج کے مختلف علاقے شامل ہیں۔ سائیٹ سب ڈویژن میں یوسی نمبر 7 شیر شاہ یونین کونسل نمبر 4 میٹرو ول کے مختلف علاقے شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں کسی بھی قسم کی اجتماعات اور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں ایس او پیز پر سختی عملدرآمد کروایا جائے گا، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں ماسک کا استعمال لازمی قراردیا گیا ہے، مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن 11 اگست کی رات 12 بجے سے 24 اگست کی رات 12 بجے تک نافذالعمل رہے گا۔