شائع 09 اگست 2021 08:05pm

وزیراعظم عمران خان کل کراچی پہنچیں گے

وزیر اعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کراچی آرہے ہیں، گذشتہ دورے میں وزیر اعظم کو گیارہ سو ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی نوید سنائی تھی، مگر 162 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی طرح اس بار بھی سوائے انتظار کے کراچی والو کے ہاتھ کچھ نہیں آیا، نالوں کی صفائی، سڑکوں کی تعمیر اور پانی کی فراہمی سمیت ایک بھی وعدہ وفا نہیں ہوسکا ہے ۔

وزیراعظم کی جانب سے گیارہ سو ارب روپے کا اعلان ہوئے ایک برس مکمل ہونے کو ہے، مگر اہل کراچی تاحال منتظر ہیں کہ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، پانی فراہمی، کچرے کے ڈھیر کے خاتمے اور ٹرانسپورٹ سمیت کسی ایک مسئلے کا حل تو دکھائی دے مگر۔ کوئی امید بر نہیں آتی صوبائی حکومت بھی طنز کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔

اپنی کارکردگی بتانے کے ساتھ ہی یاد کرادیتی ہے کہ نا 162 ارب کا وعدہ پورا ہوا اور نا گیارہ سو ارب کا۔

وزیر اعظم کے تقریباٰ ایک برس بعد پھر کراچی کے دورے پر آرہے ہیں، اور تحریک انصاف اب بھی پرامید ہے کہ وزیر اعظم کراچی کے مسائل حل کریں گے۔

اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کو انکے وعدے وفا نا ہونے پر ہی تنقید کا نشانہ بناتی ہیں، لیکن جب کراچی سے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کا سربراہ ملک کے وزیر اعظم ہوں تو شہر کے قائد کے باسیوں کا اتنا شکوہ تو بنتا ہے "غضب کیا تیرے وعدے پر اعتبار کیا"۔

Read Comments