رکن اسمبلی نذیر چوہان کا رہائی کے بعد جہانگیرترین سے شکوہ
تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان معاون خصوصی شہزاد اکبر سے صلح کے بعد جیل سے رہا تو ہو گئے مگر اپنے گروپ کے قائد جہانگیر ترین کو خیر باد کہا دیا۔ وہ کہتے ہیں جہانگیر ترین کیلئے ہر فورم پر جنگ لڑی لیکن جب مشکل پڑی تو انہوں نے حال تک نہ پوچھا۔
کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد ایم پی اے نذیر چوہان صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کے آفس پہنچے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین نے مجھے اپنے مفاد کیلئے استعمال کیا، ان سے اب کوئی تعلق نہیں۔
نذیر چوہان بولے کہ جیسے ہی طبیعت بہتر ہو گی وہ پرویز الٰہی، عمران خان اور شہزاد اکبر سے ملاقات کر کے شکریہ ادا کریں گے۔
آج صبح لاہور کی مقامی عدالت کے روبرو معاون خصوصی شہزاد اکبر کے نماٸندوں نے فریقین میں راضی نامہ کی تصدیق کی، جس کی بنیاد پر عدالت نے ایم پی اے نذیر چوہان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔