شائع 27 جولائ 2021 07:24pm

کورونا میں اضافہ، وفاق کی سندھ کو تعاون کی یقین دہانی

این سی او سی نے کورونا کے پھیلاؤ اوربڑھتے کیسز کو روکنے ‏کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات کی توثیق کردی۔وفاق کی طرف سے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرادی۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔جس میں کراچی میں کورونا کی بگڑتی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں صحت کےنظام پر دباؤ اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کورونا ویکسینیشن کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ این سی او سی اورسندھ حکومت وبا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔جو اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے۔اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کراچی میں وباء کی شرح چھبیس فیصد سے زیادہ ہوگئی۔انتہائی نگہداشت میں موجود مریضوں کی تعداد نو سو اسی ہوگئی۔

این سی او سی نے کورونا پر قابو پانے کےلیے سندھ حکومت کے اقدامات کی توثیق کردی۔اس سلسلے میں وفاق کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

Read Comments