شائع 26 جولائ 2021 11:01pm

پنجاب اسمبلی اجلاس، 'پولیس کی بھرتیوں پر پابندی نے جرائم میں اضافہ کیا'

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ دس سال تک پولیس کی بھرتیوں پر پابندی نے جرائم میں اضافہ کیا، پولیس کے پاس نفری ہوتی تو عوام کو چھوٹو گینگ کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

چوہدری پرویز الہیٰ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فیصل آباد میں امن و امان کی صورتحال پر بحث ہوئی، ایوان سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کی آبادی کے تناسب سے پولیس بھرتی میں اضافہ ہونا چاہئے، کچے کے علاقے میں پولیس کی کمی اور پیٹرولنگ نہ ہونے سے چھوٹو گینگ نے بنکرز بنائے، بالآخر نون لیگ کے دور میں چھوٹو گینگ کے خاتمے کیلئے فوج بلانا پڑی۔

وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ رواں سال تھانوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، ہم پولیس کو پیشہ وارانہ کام کرنے کا جو موقع دے رہے ہیں وہ پہلے نہیں دیا گیا تھا۔ کورم کم ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعرات تک ملتوی کر دیا گیا۔

اجلاس ختم ہونے کے بعد تحریک انصاف کی خواتین اراکین نے اسمبلی کے احاطے میں آزادکشمیر الیکشن میں کامیابی کی خوشی میں نعرے بازی کی اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی۔

Read Comments