امریکی بگرام ایئربیس پوکے مون گو کمیونٹی کا میزبان
افغانستان میں بگرام میں موجود امریکی فوجی اڈے میں پوکے مون گیم مقبول ترین رہا ہے اور امریکی فوجی اہلکاروں، کنٹریکٹروں اور سویلینز نے فارغ اوقات میں پوکے مون گیم کھیلنے کا مشغلہ اپنایا ہوا تھا۔
بگرام میں امریکی فوجی اڈے کا شمار ایک بڑے اڈوں میں ہوتا ہے اور اب یہ بیس خالی ہوچکی ہے اور اس پر موجود تمام امریکی فوجی کنٹریکٹرز ، فوجی اہلکار اور سویلینز واپس اپنے ملک روانہ ہوچکے ہیں تاہم جاتے جاتے وہ بگرام ایئربیس پر مقبول پوکے مون گیم کی یادیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں ۔
امریکی فوجی اخبار اسٹار اور اسٹرائپ نے ایک مضمون شائع کیا ہے ،
مضمون میں بتایا گیا ہے کہ بگرام میں امریکی فوجی اڈا یا بگرام ایئربیس ایک سرگرم پوکے مون گیم کمیونٹی کا میزبان بن گیا تھا اور یہاں پر رہنے والے فوجی اہلکاروں ، فوجی کنٹریکٹرز اور سویلینز نہ صرف کام کے بعد اس گیم کو کھیلنے کے شوقین تھے بلکہ وہ عام طور پر ورزش کرتے ہوئے بھی اس گیم کے کھیلنے کے عادی ہوگئے تھے۔
بگرام بیس پر رہنے والے کنٹریکٹرز اور فوجی اہلکاروں نے بھی پوکے مون گیم کی پسندیگی کا اظہار کیا ۔ بگرام میں امریکی لڑاکا ہیلی کاپٹر کے ایک ٹیکنیشن کوری آلسن نے بتایا کہ امید نہیں تھی کہ پوکے مون بگرام ایئربیس پر اتنا مقبول ہوگا لیکن یہ حقیقت ہے۔
ایک امریکی کنٹریکٹر ولبر لنڈاورڈے کا کہنا تھا کہ پوکے مون کو وارزون میں معاشرے کے ساتھ جوڑے رہنے کا بڑا ذریہ قرار دیا کیونکہ اس سے کسی اجنبی کے ساتھ وارزون میں بات کرنے کے مواقع میسر آئے۔
ایک اور فوجی افسر کیپٹن جان سٹر نے پوکے مون گیم میں جم پر قبضہ کرنے کے حوالے سے یادیں تازہ کیں۔ سٹر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ افغانستان میں بعض بچے فخرسے بتارہے ہونگے کہ انہوں نے کس طرح امریکی پوکے مون گیم کے جم پر قبضہ کرلیا۔
سٹر نے پوکے مین جم میں اپنی مخلوق سے جدائی پر بھی افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید کبھی بیس سال کے عرصے میں وہ کبھی موٹر سائیکل پر ادھر سفر کریں اور اس پوکے مین جم پر دوبارہ اپنا قبضہ جما سکیں۔ سٹر نے پوکے مون گیم میں ولٹر نامی دھماکا خیز مخلوق کو منتخب کیا ہوا تھا۔
بگرام بیس کا کنٹرول امریکی فوجیوں نے افغان فوج کے حوالے پہلی جولائی کو کردیا گیا ہے، اور یہ حوالگی افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے عمل کا حصہ ہے اور یہ عمل ستمبر میں مکمل ہونا ہے۔
پوکے مون گیم کیا ہے ؟
پوکے مون گیم عام گیموں کی طرح بیٹھ کر نہیں کھیلا جاتا بلکہ اس میں آپکو دنیا بھرمیں موجود خیالی پوکے مونز کو پکڑنا ہوتا ہے۔
اس گیم میں دنیابھر کا نقشہ موجود ہے جو کہ آپکے مقام کا تعین کرسکتا ہے اور بتاسکتا ہے کہ آپکے پاس کوئی پوکے مون موجود ہے یا نہیں ، اگر موجود ہے تو آپ فون کے کیمرے میں دیکھتے ہوئے اس پوکے مون کو گیند مارتے ہیں جس سے وہ پوکے مون گیند میں بند ہوکر آپکے اکاونٹ میں آجاتا ہے۔