شائع 08 جون 2021 01:37am

وزیراعظم عمران خان نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا

وزیراعظم عمران خان نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔

وزیر اعظم نے انسداد پولیو کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں صرف ایک کیس کا رپورٹ ہونا اہم کامیابی ہے۔ ہمارا مشن پاکستان کو پولیو سے مکمل نجات دلانا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا ۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی موثر حکمت عملی کی بدولت اب تک اس سال پورے ملک میں بلوچستان سے صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ کورونا وباء کی وجہ سے انسداد پولیو مہم سست روی کا شکار ہوئی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں ابھی بھی پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔ رسائی، سیکیورٹی اور والدین کے عدم تعاون کی وجوہات کی بنا پر ہر مہم میں کثیر تعداد میں بچے پولیو قطروں سے محروم رہ جاتے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جا رہا ہے جس میں جغرافیائی انفارمیشن سسٹم اور ٹریکنگ بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بل گیٹس فاونڈیشن کے پولیو نگرانی بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیس نے حکومت پاکستان اور وزیر اعظم کو انسداد پولیو مہم میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس کو صوبائی وزراء اعلی نے اپنے متعلقہ صوبوں میں انسداد پولیو کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں اور انسداد پولیو مہم میں شریک تمام شراکت داروں کو خصوصی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مربوط اور مشترکہ کوششوں سے ہی پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کرونا وباء کے دوران ہماری حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کو بھی برقرار رکھا جس کی دنیا معترف ہے۔ اسی جذ بے سے ہم نے پولیو کو بھی شکست دینی ہے۔

Read Comments