شائع 04 جون 2021 06:50pm

ای وی ایم پر صدارتی آرڈیننس کیخلاف درخواست پر جواب طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوحق رائے دہی دینے کے صدارتی آرڈیننس کیخلاف درخواست پروفاق ، الیکشن کمیشن اوروزارت قانون کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا جبکہ اٹارنی جنرل کوبھی عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیا ۔

جسٹس عامر فاروق نے بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا کی درخواست پر سماعت کی جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینے کے آرڈیننس کو چیلنج کیا گیا تھا۔

درخواست گزار کے مطابق صدارتی آرڈیننس جاری کرکے عوامی نمائندوں کو قانون سازی کے حق سے محروم رکھا جاتا ہے۔

صدر کا آرڈی نینس جاری کرنے کا اختیار ہنگامی صورت کے لیے ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے بغیر صدارتی آرڈیننس جاری کرنا پارلیمنٹ کو بے توقیر کرنے کے مترادف ہے۔اہم نوعیت کی قانون سازی سے متعلق عوام یا عوامی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے آرڈیننس جاری کرنا معمول بنا لیا ہے، 24ستمبر 2018 سے اب تک حکومت 54 سے زائد صدارتی آرڈیننس جاری کرچکی ہے۔

عدالت نے صدارتی آرڈی نینسز سے متعلق تمام درخواستیں یکجا کر کے سماعت کے لیے مقرر کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی ۔

Read Comments