'ہمارے ایم این اے اور ایم پی اے کسی شاہی خاندان کے غلام نہیں۔'
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سیاسی اصلاحات کے زریعے جماعت کو ادارے میں بدلنے کا وعدہ کیا تھا جس پر کام کر رہے ہیں،
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھاہمارے ایم این اے اور ایم پی اے کسی شاہی خاندان کے غلام نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملنے والے ایم پی ایز اور خاص طور پر جہانگیر ترین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے ہمیشہ پی ٹی آئی سے جڑے رہنے کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک کوئی عوام کیلئے بولے گا وہ عمران خان اور عثمان بزدار کی آنکھ کا تارہ رہے گا۔
دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے۔ عثمان بزدار نے ہم خیال گروپ اراکین کے گلے شکوے سنے اور حل کیلئے احکامات جاری کئے۔
عثمان بزدار نے یقین دلایا کہ انتقام ہمارا شیوہ نہیں۔ گروپ اراکین نے مسائل حل ہونے کی امید کا اظہار کیا۔
جہانگیر ترین گروپ کے آٹھ رکنی وفد نے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال،اجمل چیمہ، سعید اکبر نوانی، نذیر چوہان، عبدالحئی دستی، عمر آفتاب، زوار وڑائچ اور عون چودھری شامل تھے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ کسی سے ناانصافی نہیں ہو گی، گروپ اراکین کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ہمارے گلے شکوے سنے اور ان کے تدارک کیلئے احکامات دئیے ہیں۔