سفارتی تعلقات کے 70سال مکمل، پاکستان اور چینی صدور کی مبارک باد
اسلام آباد:پاک چین سفارتی تعلقات کے 70سال مکمل ہونے پر پاکستان اور چینی صدور نے ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی ہے۔
پاک چین دوستی کے 70 سال مکمل ہونے پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کے نام خطوط لکھے،جس میں انہوں نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاک چین مشترکہ مستقبل کے معاشرے کی کاوشوں کو مزید مضبوط کرنے کا خواہشمند کا ظہار کیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ ہم اچھے اور برے دونوں وقتوں میں دوست رہے،پاک چین لازوال دوستی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے، اپنے مقاصد کے حصول میں دونوں ممالک نے بے انتہا قربانیاں دیں، چین کی جانب سے کورونا وائرس کخلادف ویکسین کی فراہمی سے پاکستان میں قیمتی جانوں کو بچایا گیا۔
صدر مملکت نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو مثالی منصوبہ بنانے کیلئے پرعزم ہونے کا اظہار کیا۔
چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ مشترکہ کاوشوں سے پاک چین اقتصادی راہداری سے شاندار نتائج ملے۔
چینی ہم منصب کے نام خط میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہرمشکل گھڑی میں دوطرفہ تعاون پرمبنی اعلی سطحی اسٹرٹیجک تعلقات استوار کئے، سی پیک منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات اورعوام کی ترقی میں اضافہ ہوا، یہ دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے۔
ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات محبت اورخلوص کی داستان سمیٹے ہوئے ہیں، پاک چین دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے،پاک چین تعلقات کاسفرجاری رہے گا اور آگے بڑھتا جائے گا۔