فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں
ملک بھر میں آج بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سیاسی و سماجی تنظیموں اورصحافتی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔
ساہیوال،پیر محل، حجرہ شاہ مقیم ، وہاڑی اور راجن پور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
غزہ میں ہونے والے مظالم کے خلاف سیالکوٹ کی سول سوسائٹی سڑکوں پر نکل آئی سیالکوٹ چیمبر کے باہر مرد و خواتین نے فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں نعرے بازی کی۔
پیرمحل میں فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور نجی چینلز پر حملے کے حوالے سے پریس کلب پیرمحل کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں تاجران, سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
فلسطینی نہتے عوام پر بمباری کے خلاف راجن پور میں بھی اسرائیل کے خلاف ریلی نکالی گئی۔
ساہیوال میں بار ایسوسی ایشن ساہیوال کی اسرائیلی بربریت کے خلاف ہڑتال کی اور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
حجرہ شاہ مقیم میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔
مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر صیہونیوں کی بربریت کے خلاف تاجروں،سول سوسائٹی اور علماء اکرام کی جانب سے وہاڑی پریس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین میں علماء کرام،تاجروں سمیت عام شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
ٹنڈوالہ یار میں بھی مظاہرے کی قیادت ٹنڈوالہ یار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ریلی نکالی گئی وکلاء نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی.
مظاہرین اور مقررین نے مطالبہ کیا کہ مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کا اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سخت نوٹس لیں ۔