شائع 10 مئ 2021 09:30pm

کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ۔

وزیراعلی نے کہا ایکسپو سینٹر میں دوسرے ہال لے کر یومیہ ویکسی نیشن کی تعداد پچاس ہزار تک بڑھائی جائے،، عید تعطیلات پر بھی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے۔

ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا،،

اجلاس میں صوبائی وزرا ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آئی جی پولیس، کمشنر کراچی، ڈاکٹر باری اور ڈاکٹر قیصر سجاد سمیت دیگر شریک ہوئے۔

وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی کہ کوویڈ کی پہلی لہر میں 11 جون 2020ء کو سب سے زائد 3038 کیسز تھے، دوسری لہر میں 10 دسمبر 2020ء کو 1983 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 29 اپریل 2021ء کو کوویڈ کی تیسری لہر میں سب سے زیادہ 1064 کیسز سامنے آئے۔

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ عیدالفطر پر بھی ویکسینیشن سینٹرز کھلے رہیں گے، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ایک لاکھ ویکسین روزانہ لگائی جائیں،، ایکسپو سینٹر میں ہال لے کر وہاں 50 ہزار ویکسینیشن کی گنجائش بنائی جائے،، انہوں نے کہا برآمد پر مبنی صنعتی یونٹس عید کی چھٹیوں میں بھی کام کرتے رہیں گے،، تاجروں اور عوام کا شکرگزار ہوں وہ اس صورتحال میں تعاون کر رہے ہیں، یہ مشکل فیصلہ تھا لیکن ہم نے عوام کے تحفظ کی خاطر کیا،

انہوں نے مزید کہاکہ کل کوویڈ کی وجہ سے 16 اموات ہوئی، 3 سے 9 مئی کوویڈ کیسز کا ڈیٹا دیکھا جائے تو کراچی میں 9.48 فیصد کیسز آئے تھے جبکہ حیدرآباد میں 11.81 فیصد اور سکھر میں 5.92 فیصد ہیں صوبے کے دیگر اضلاع میں 3.92 فیصد ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں پر رہیں اور احتیاط کریں۔

Read Comments