پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس،8 اپریل کو فریقین طلب
پی ٹی آئی غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے اکبر ایس بابر کی دو درخواستیں مسترد کرتے ہوئے 8 اپریل کو فریقین کو طلب کرلیا۔
اکبرایس بابرنے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کے فیصلوں کیخلاف الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ میں اپیل میں جائیں گے ۔
پی ٹی آئی غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔
ذرائع کے مطابق سکروٹنی کمیٹی نے اکبر ایس بابرکی دو درخواستیں مسترد کر دیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری مالیات سراج احمد خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی جبکہ سکروٹنی کمیٹی نے یو اے ای کے چار ملازمین کے بینک تفصیلات سے متعلق بھی درخواست مسترد کر دی۔
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس، سکروٹنی کمیٹی کی پیشرفت رپورٹ آج نیوز نے حاصل کر لی جس کے مطابق اکبر ایس بابر نے اپنا کیس شواہد کیساتھ ثابت کرنا ہے۔ پی ٹی آئی کی مخالفت سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، الیکشن کمیشن اکبر بابر کو دستاویزات نہ دینے کا فیصلہ دے چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمیشن چاہے تو اپنا حکم برقرار رکھے یا اس میں ترمیم کردے، کمیٹی ٹی او آرز میں کہیں نہیں لکھا کہ دستاویزات اکبر بابر کو دی جائیں۔ کمیٹی نے اکبر بابر اور وکلاء کو دستاویزات دیکھنے کیلئے دیں، ایک ایک صفحہ پر گھنٹوں لگنے سے سکروٹنی کا عمل سست روی کا شکار ہوا، اکبر بابر چاہتے ہیں ہر ٹرانزیکشن کی تصدیق انکے سامنے کی جائے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے ہر ٹرانزیکشن پر اکبر بابر اعتراض کرتے رہے تو سکروٹنی میں کئی ماہ لگیں گے۔