حمزہ شہباز کی رہائی، ضمانتی مچلکے جمع نہ ہوسکے
منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکے جمع نہ ہو سکے، ضمانت کا عمل مکمل ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو کل کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا جائے گا، مسلم لیگ نون نے حمزہ شہباز کیلئے استقبالی کیمپ اور ریلی کا فیصلہ بھی کرلیا۔رمضان شوگر ملز کیس میں مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز کیس میں 6 فروری کو ضمانت منظور کی جبکہ 24 فروری کو شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس میں بھی ضمانت پر رہائی کا حکم جاری کیا گیا۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی رہائی کیلئے احتساب عدالت میں ایک ایک کروڑ کے دو ضمانتی مچلکے جمع کروا دئیے گئے ہیں لیکن شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کے مچلکے جمع کروانے کا عمل مکمل نہ ہو سکا۔
کل احتساب عدالت سے دونوں کیسز میں روبکار جاری ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا جائے گا۔
مسلم لیگ نون نے حمزہ شہباز کو ریلی کی صورت میں ان کی رہائشگاہ تک لے جانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ حمزہ شہباز کو گیارہ جون دو ہزار انیس کو گرفتار کیا گیا تھا۔