میچ میں شکست کی وجہ کیا بنی، کپتان بابراعظم نے بتادیا
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست پر مایوس، ان کا کہنا ہے کہ مڈل اوورز میں ہم نے اچھی بیٹںگ نہیں کی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے کم رنز بنائے، مڈل اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی، کوئی اچھی پارٹنرشپ نہیں لگ سکی۔
کپتان نے مزید کہا کہ یہ وکٹ بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی کے جیسی ہی تھی لیکن ہم نے بولنگ میں بھی غلطیاں کیں جس کی وجہ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کل کے میچ کا نتیجہ اس سے مختلف ہوگا۔
واضح رہے کہ آج پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پروٹیز نے کرارا جواب دیتے ہوئے شاہینوں کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 145 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
ہینڈریکس اور بلیون نے 42، 42 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ ڈیوڈ ملر 25 اور کپتان کلاسین 17 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ نے 2 جبکہ نواز اور قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم، افتخار احمد، حیدر علی، حسین طلعت اور خوشدل شاہ نے ایک بار پھر مایوس کیا جبکہ پہلے میچ کے سنچری میکر محمد رضوان نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی تھی۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوائن پریٹوریئس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 17 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ تبریز شمسی اور اینڈائل فیلوکوائیو بھی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست دے کر 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے، سیریز کا آخری اور فیصلہ کن معرکہ کل شام 6 بجے اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوائن پریٹوریئس کو فتح گر اسپیل کروانے پر میچ کا ہیرو قرار دیا گیا۔