'خطے کی سلامتی کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے'
ترجمان دفترخارجہ زا ہد حفیظ کا کہنا ہےکہ پاکستان اپنی سلامتی اور خطے کی سلامتی کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گا، بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیز سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں، امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا بیان مقبوضہ کشمیرکی اصل صورتحال اور حقائق کے منافی ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نےکہا کہ وزیر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اورصدر سے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر رابطہ کرکے انہیں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور ایل او سی پربھارتی جارحیت سے آگاہ کیا ۔
وزیرخارجہ نے سات مطالبات بھی ان کے سامنے رکھے جن میں کشمیری رہنماؤں کی رہائی اور کالے قوانین کا خاتمہ شامل ہے، ہر سال کی طرح اس سال بھی پانچ فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا، مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے، پوری دنیا بھارت کو دہشتگرد ریاست کے طور پر دیکھتی ہے، امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا بیان مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال اور حقائق کے منافی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف پرموثرکام کیا ہے، ستائیس میں سے اکیس نکات پر عملدرآمد کیا گیا، پاکستان اپنی سلامتی اور خطے کی سلامتی کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گا ۔
ترجمان نے کہا کہ افغانستان سے مسلسل پاکستانی فوجی تنصیبات پر سرحد پارحملوں کی مذمت کرتے ہیں، افغانستان اس حوالے سے موجودہ میکنزم کے ذریعے پاکستان سے تعاون کرے ، زاہد حفیظ چوھدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم رواں ماہ سری لنکا کا دورہ کریں گے ۔