اپ ڈیٹ 12 فروری 2021 06:22pm

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ گرفتاری کے بعد رہا

گوچرانوالہ: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کو پولیس نے گرفتاری کے بعد رہا کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما عطا تارڑ کو وزیرآباد پولیس کی جانب سے حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

سٹی پولیس آفیسر سرفراز سلفی کا کہنا ہے کہ عطا تارڑ کو پولیس نے حراست میں نہیں لیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کو انتخابی مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش پر حراست میں لیا گیا تھا اور عطا تارڑ اُنہیں چھڑوانے آئے تو تلخ کلامی ہوئی تھی۔

دوسری جانب ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عطا تارڑ کو اب کچھ دیر قبل غیر قانونی طور پر بناء کسی وجہ بتائے اور بغیر وارنٹ دکھائے سٹی وزیرآباد تھانے لے جایا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عطا تارڑ کی گرفتاری خوف کو ظاہر کرتی ہے، پنجاب کے حکمران ریاستی طاقت کو استعمال کرکے سیاسی مخالفین کو دبانا چاہتے ہیں۔

ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ حکمران یہ بات جان چکے ہیں کہ عوام آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی چوروں کو مسترد کرچکے ہیں۔ وہ یہ سمجھ چکے ہیں کہ ڈسکہ اور وزیرآباد کا ضمنی انتخاب وہ ہارچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو خوف و ہراس پھیلانے کا نوٹس لینا چاہیئے۔

واضح رہے کہ ایک اور لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے عطا تارڑ کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔

Read Comments