پہلا ٹی ٹوئنٹی: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان 3 رنز سے فاتح
لاہور: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پروٹیز 170 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹوں پر 166 رنز بناسکے۔ جنوبی افریقہ کو آخری گیند پر جیتنے کیلئے 6 رنز درکار تھے مگر فہیم اشرف نے بلے باز کو گیند باؤنڈری کے باپر پہنچانے سے بعض رکھا۔
جنوبی افریقہ کے اوپنرز ریزے ہینڈریکس اور یانیمن ملان نے بالترتیب 54 اور 44 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ فورچُن اور پریٹوریئس بالترتیب 17 اور 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے عثمان قادر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ حارث رؤف بھی 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ فہیم اشرف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اووز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔
اوپنر محمد رضوان نے 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی، انہوں نے مجموعی طور پر 64 گیندیں کھیل کر ناقابل شکست 104 رنز بنائے اور میچ کے ہیرو قرار پائے۔
اس کے علاوہ حیدر علی 21، حسین طلعت 15 اور خوشدل شاہ 12 رنز بناسکے۔ پروٹیز کی جانب سے اینڈائل فیلوکوائیو نے دو جبکہ تبریز شمسی، فورچُن اور سیپاملا نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 13 جبکہ تیسرا میچ 14 فروری کو ہوگا۔