اپ ڈیٹ 08 فروری 2021 11:09pm

نئے کھلاڑیوں کو آزماتے رہیں گے، کپتان بابر اعظم

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ جب ٹیم سپورٹ کرتی ہے تو پریشر محسوس نہیں ہوتا، اچھی ٹیم کے خلاف جیت اعتماد دیتی ہے۔

انہوں نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے پر جنوبی افریقہ کا شکریہ ادا کیا اور حسن علی کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ کپتان نے مزید کہا کہ حسن علی نے کم بیک سیریز میں شاندار بولنگ کی، شاہین شاہ نے بھی بہترین گیند بازی کی۔

سپر اسٹار بلے باز نے یہ بھی کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو آزماتے رہیں گے۔

قومی کپتان کا مزید کیا کہنا تھا، ویڈیو میں ملاحظہ کریں۔

واضح رہے کہ آج پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 95 رنز سے شکست دے کر 2 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا اور پروٹیز کیخلاف 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز جیتی، قومی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں 2 درجے ترقی کے بعد 5 ویں نمبر پر آگئی۔

ہوم گراؤنڈ پر شاہینوں کے کاری وار، پروٹیز کا تیا پانچا کردیا۔ 17 سال بعد جنوبی افریقہ کے خلاف نہ صرف ٹیسٹ سیریز جیتی بلکہ وائٹ واش بھی کیا اور رینگنگ میں ٹاپ فائیو میں آگیا۔

محمد رضوان اور پاکستان کے ٹیل اینڈرز کی مزاحمت کی بدولت راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 370 کا ہدف ملا لیکن کھیل کے آخری روز پروٹیز ڈٹ گئے۔ 2 وکٹیں جلد گرنے کے بعد مارکرم نے سنچری اور باووما نے ففٹی بنائی۔

لنچ سے قبل پاکستانی بولرز وکٹ کی تلاش میں سر توڑ کوششیں کرتے رہے مگر کامیابی نہ ملی۔ دوسرے سیشن میں جیسے ہی نئی گیند میسر آئی تو پیس بیٹری نے کرشمہ دکھایا اور آخری 7 وکٹوں کو محض 33 رنز پر چلتا کیا۔

پہلی اننگز میں 5 شکار کرنے والے حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی پنجا لگایا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اور یاسر شاہ نے آخری وکٹ لی۔ پروٹیز کی اننگز 274 رنز پر دم توڑ گئی اور پاکستان 95 رنز سے فتحیاب ہوا۔

بابر اعظم نے بطور کپتان پہلی ہی سیریز 0-2 سے جیت کر ٹرافی اٹھائی۔

Read Comments