شائع 08 فروری 2021 10:11pm

قائداعظم ہاوس میوزیم کا چارج سندھ حکومت کے سپرد

قائداعظم ہاوس میوزیم کا چارج سندھ حکومت کے سپرد کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ قائداعظم ہاوس میوزیم کی عمارت محترمہ فاطمہ جناح کے انتقال کے بعد قائد اعظم ٹرسٹ نے فروخت کرنے کا فیصلہ کیاتھا جسے پانچ اعشاریہ ایک ملین روپے میں خرید لیا ۔

اٹھارویں ترمیم کے بعد قائداعظم ہاؤس میوزیم کا چارج حکومت سندھ کے سپرد کردیا گیا۔ محکمہ ثقافت نے اس تاریخی عمارت کی مرمت اورتزئین وآرائش کی ہے ۔

وزیراعلی سندھ نے کراچی میں قائداعظم ہائوس میوزیم کا دورہ کیا اس موقع پرمحکمہ ثقافت اور قائداعظم میوزیم بورڈ کے درمیاں یادداشت نامہ پر دستخط ہوئے.۔بورڈ کے چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ قائداعظم ہاؤس میوزیم اٹھارہ سواڑسٹھ میں تعمیرہواتھا اور پاکستان کی آزادی کے بعد قائد اعظم نے اسے اپنی رہائش گاہ اور دفتر کے طور پر استعمال کیا تھا،اٹھارویں ترمیم کے بعد میوزیم کا چارج سندھ حکومت کے سپرد کیاگیا۔

انہوں نے کہا عمارت کی حفاظت اورسیاحوں کی سہولت کیلئے متعدد انتظامات کیے گئے ہیں ، قائداعظم ہاؤس میوزیم میں سجائی گئی کراکری کوچین اورجاپان کی حکومتوں نے قائداعظم کوتحفہ دیا تھا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا پاکستان کے محکمہ آثار قدیمہ نے اس گھر کو میوزیم میں تبدیل کیا، اس کا نام قائداعظم ہاؤس میوزم رکھا۔

Read Comments