اپ ڈیٹ 06 فروری 2021 06:01pm

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم، میچ دلچسپ مرحلے میں داخل

راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم، میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔ قومی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 129 رنز بنالئے اور 200 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں پر 106 رنز سے اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی اور پوری ٹیم 201 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ پروٹیز کی جانب سے باووما نے ناقابل شکست 44، ویان ملڈر نے 33، ایڈین مارکرم نے 32 اور کپتان ڈی کوک نے 29 رنز بنائے جبکہ پاکستان کے حسن علی نے 5 شکار کئے۔

قومی ٹیم نے 71 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اوپنرز ایک بار پھر ناکام ہوگئے، عمران بٹ صفر اور عابد علی 13 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ اظہر علی کی مزاحمت بھی 33 رنز پر دم توڑ گئی۔

اس کے علاوہ پہلی اننگز میں ٹیم کو سہارا دینے والے فواد عالم اور کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے، دونوں بالترتیب 8 اور 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پہلی اننگز کے ٹاپ اسکورر فہیم اشرف کھیل کے آخری لمحات میں 29 رنز بناکر لنڈے کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ پروٹیز کی جانب سے لنڈے نے 3، مہاراج نے 2 جبکہ رباڈا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام تک قومی ٹیم کو 200 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی جبکہ اُن کی 4 وکٹیں ابھی باقی ہیں، چوتھے روز محمد رضوان 28 اور حسن علی صفر کے انفرادی اسکور کے ساتھ ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھائیں گے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم ٹاس جیت کر اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی تھی جبکہ جواب میں پروٹیز 201 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔

واضح رہے میزبان پاکستان کو کراچی ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے فتح نصیب ہوئی تھی اور اُنہیں 2 میچز کی سیریز میں 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

Read Comments