پنجاب بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا
لاہور سمیت پنجاب بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منایا گیا۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالئ گئیں۔ جس میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مال روڈ پر ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام نہتے کشمیروں کے ساتھ ہیں، مودی کے غرور کا سومنات پاش پاش کردیں گے۔
عزیز الرحمان چن کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مال روڈ پر ریلی نکالی گئی۔جبکہ لاہور پریس کے زیراہتمام تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ،گجرات،حافظ آباد، فیصل آباد، ملتان، سائیوال، سیالکوٹ، قصور اور شیخوپورہ سمیت صوبے بھر میں مختلف تقریبات کے علاوہ ریلیاں بھی نکالی گئیں اور کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔