راولپنڈی ٹیسٹ: بارش کےباعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم
راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل بارش کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم ہوگیا۔ پہلے دن 58 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جس میں قومی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 145 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جیتا اور پہلے خود باری لینے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ٹاپ آرڈر پھر ناکام ہوگیا، اوپنرز صرف 21 رنز کا آغاز فراہم کرسکے۔ عمران بٹ اپنی تیسری اننگز میں بھی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
دوسری جانب سابق کپتان اظہر علی کھاتہ کھولے بغیر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ گزشتہ 8 اننگز میں ناکام ہونے والے اوپنر عابد علی کی روٹھی ہوئی فارم بھی واپس نہ آسکی، وہ 6 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
ابتدائی 3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور کراچی ٹیسٹ کے ہیرو فواد عالم وکٹ پر ڈٹ گئے۔ چائے کے وقفے تک قومی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 145 رنز بنالئے تھے مگر اس کے بعد بارش کی انٹری ہوئی اور میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔
بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 کے انفرادی اسکور کے ساتھ دوسرے روز قومی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھائیں گے۔ پروٹیز کی جانب سے کیشَو مہاراج دو جبکہ آنرچ نورکیا ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔