شائع 03 فروری 2021 10:07pm

نیاناظم آبادجمخانہ کے زیرانتظام 2 روزہ فٹبال ٹریننگ کیمپ کااختتام

کراچی: نیا ناظم آباد جمخانہ کے زیرانتظام فٹبال اسٹیڈیم میں 2 روزہ فٹبال ٹریننگ کیمپ کا اختتام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق نیا ناظم آباد جمخانہ کے سرسبز فٹبال گراؤنڈ پر قومی فٹبال ٹیم کے کوچ کیمپ کمانڈنٹ ناصر اسماعیل کی زیرِ نگرانی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بچوں کو پاسنگ، شوٹنگ، گول کیپنگ، ڈریبلنگ، ہیڈنگ اور کنٹرولنگ جیسی بنیادی تیکنک سکھائی گئیں۔

نیا ناظم آباد اور گرد نواح کے 200 سے زائد بچوں نے رجسٹریشن کرائی۔ 8 سال سے لے کر 16 سال تک کے لڑکے لڑکیوں نے تربیتی کیمپ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شریک بچوں کے ساتھ والدین بھی تربیتی کیمپ کے انعقاد سے خوش دکھائی دیئے اور اسے خوش آئند قرار دیا۔

کیمپ کمانڈنٹ ہیڈ کوچ ناصر اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ ابتداء ہے، انہیں امید ہے یہاں سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

نیا ناظم آباد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صمد حبیب کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔ کورونا وائرس کے مشکل دور کے باعث بچے صرف گھروں میں موبائل تک محدود ہو کر رہ گئے تھے ایسے میں تربیتی کیمپ بچوں کی مصروفیت کا بہترین ذریعہ ہے۔

مہمان خصوصی پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال کی عالمی رینکنگ میں بھی 200 ویں نمبر پر ہے لیکن یہاں فٹبال کا شوق بے پناہ ہے۔ گراس روٹ لیول پر اکیڈمی قائم کی جائے اور تربیت دی جائے تو ملک میں فٹبال کو فروغ ملے گا۔

تقریب سے نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ، ڈائریکٹر سعید احمد، اسپانسر غنی عثمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ 2 روزہ کیمپ میں شریک بچوں میں اسناد اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

Read Comments