جنوبی افریقہ کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ پاکستان پہنچ گیا
لاہور: پاکستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے جنوبی افریقہ کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ پاکستان پہنچ گیا۔ پروٹیز کھلاڑی کمرشل فلائٹ کے ذریعے لاہور پہنچے، کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کے بعد کھلاڑی بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹی ٹوئنٹی پروٹیز اسکواڈ لاہور پہنچ گیا۔ میچز کیلئے لاہور پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور 600 سے زائد ٹریفک وارڈنز سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ فضائی نگرانی اور شہر میں سرچ اینڈ سوئپ آپریشنز بھی ہوں گے۔
لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔ 9 ایس پیز، 24 ڈی ایس پیز اور 5 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔ روف ٹاپ پر اسنائپرز اور موثر مانیٹرنگ کیلئے ڈولفن اور پیرو کی ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئیں۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے پُرامن انعقاد کیلئے سیف سٹی اور ڈرون کیمروں سے بھی ایریل سرویلنس جاری رہے گی۔
11، 13 اور 14 فروری کو کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کیلئے سی ٹی او حماد عابد کی نگرانی میں 600 سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے۔