شائع 01 فروری 2021 10:03pm

'چین نے مثالی دوستی کا ثبوت دیا'

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے ایک مرتبہ پھرمثالی دوستی کا ثبوت دیا ہے ۔ کورونا ویکسین دینے پرچین کی قیادت کے شکرگزارہیں ۔ پاکستان اورچین نے ملکرایک ویکسین کی تیاری پر کام کیا ہے جس کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں ۔ ویکسین کی اگلی کھیپ بھی جلد دستیاب ہو جائے گی ۔

نورخان ایئربیس پر تقریب کے دوران چین کے سفیر نونگ رونگ نے کورونا وائرس کی پانچ لاکھ خوراکیں باضابطہ طور پر پاکستان کے حوالے کیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ چین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت چین کے شکرگزارہیں۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ فروری کے آخر تک 1.1 ملین ڈوززدرکارہوں گی جس کیلئے ہم چینی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ۔ توقع ہے کہ ہمیں اگلی کھیپ بھی جلد دستیاب ہو جائے گی ۔

پاکستان میں متعین چینی سفیرنونگ رونگ نے اس موقع پرکہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جسے چین کرونا ویکسین فراہم کر رہا ہے، ویکسین کی فراہمی پاکستان چین دوستی کا مظہر ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کو ہرشعبہ زندگی میں تعاون فراہم کرے گا، این سی او سی کی حکمتِ عملی قابلِ ستائش ہے، پاک چین دوستی زندہ باد ۔

Read Comments