شائع 29 جنوری 2021 07:37pm

نعمان علی ڈیبیوپر 5 وکٹیں لینے والے دنیاکے معمرترین کھلاڑی بن گئے

کراچی: نئے چیف سلیکٹر نے ڈومیسٹک پرفارمرز کو عزت دی تو پہلے ہی میچ میں اس کا نتیجہ سامنے آگیا۔ نعمان علی نے نہ صرف ڈیبیو پر شاندار کارکردگی دکھائی بلکہ ڈیبیو پر اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے معمر ترین کھلاڑی بھی بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے 34 سال اور 111 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا اور اننگز میں 5 جبکہ میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں اُڑائیں، وہ پاکستان کیلئے ڈیبیو پر اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے چوتھے اسپنر بھی بن گئے۔

اس کے علاوہ نعمان ڈیبیو پر اننگز میں 5 شکار کرنے والے پاکستان کے 12 ویں کھلاڑی بھی بن گئے۔ قبل ازیں بلال آصف نے 33 سال 13 دن کی عمر میں ڈیبیو پر 5 شکار کئے تھے جبکہ 34 سال سے زائد عمر میں ڈیبیو پر 5 وکٹ لینے والے آخری کھلاڑی نیوزی لینڈ کے فین کریسویل تھے۔

واضح رہے کہ آج قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے باآسانی فتح سمیٹ کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

Read Comments