'پی ڈی ایم ناکارہ ہوچکی'
وفاقی وزیر تعلیم و سیاحت شفقت محمود نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے ۔ جس طرح دھکا اسٹارٹ گاڑی ہوتی ہے اسی طرح پی ڈی ایم کو دھکا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
حیدرآباد میں تالپور حکمرانوں اور غلام شاہ کلہوڑو کے مقبروں کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہاکہ پی ڈی ایم ایک ناکام تحریک ہے ،۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکومت دسمبر میں چلی جائیگی پھر کہاکہ جنوری میں چلی جائیگی لیکن حکومت اب تک قائم ہے۔ پی ڈی ایم والوں نے کہا تھا کہ استعفے دیں گے لیکن انہوں نے استعفے بھی نہیں دیئے ، پھر کہا کہ لانگ مارچ کریں گے ، اب تک لانگ مارچ کی بھی کوئی تاریخ نہیں دی ، جس طرح دھکا اسٹارٹ گاڑی ہوتی ہے اس طرح پی ڈی ایم کو دھکا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے 18ویں ترمیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ 18ویں ترمیم ختم کرنے کی ضرورت نہیں ہے، البتہ میں ذاتی طورپر سمجھتا ہوں کہ 18 ویں ترمیم میں بعض شقوں کو تبدیل کیا جانا چاہئے اور اس ترمیم میں صوبائی نصاب نہیں ہونا چاہئے اس سے قوم تقسیم ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ آئینی ترامیم کیلئے ہمیشہ اتفاق رائے کی ضرورت ہوتی ہے وفاقی حکومت نے ایک منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت ملک کے قومی ورثوں کو نقشے کے مطابق بنایا جائے گا جس سے یہ معلوم ہوسکے گاکہ ہمارا قومی ورثہ کہاں ہے اور اس کی کیا حالت ہے۔ ویسے تو قومی ورثہ صوبائی حکومتوں کے پاس ہے مگر ہم کوشش کررہے ہیں کہ جہاں ہماری ضرورت ہو ہم وہاں اپنا کردار ادا کرسکیں۔