اپ ڈیٹ 28 جنوری 2021 05:49pm

کراچی ٹیسٹ: تیسرے دن کے آخری سیشن میں پاکستان کا شاندار کم بیک

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جارہا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ دلچسپ صورتحال میں داخل ہوگیا۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پروٹیز نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 187 رنز بنالئے اور 29 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیل کے تیسرے روز میزبان ٹیم نے اپنے اسکور کو 8 وکٹوں پر 308 رنز سے آگے بڑھایا اور پوری ٹیم 378 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں پروٹیز پر 158 رنز کی برتری حاصل کی۔

پروٹیز نے اپنی دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ایک موقع پر جنوبی افریقہ نے محض ایک وکٹ پر 175 رنز بنالئے تھے مگر آخری سیشن کے آخری لمحات میں پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کرکے 187 کے مجموعے تک پروٹیز کے 4 بلے بازوں کو چلتا کردیا۔

مہمان ٹیم کے مارکرم 74، وین ڈر ڈوسن 64، ڈین ایگر 29 اور فاف ڈوپلیسی 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ یاسر شاہ نے 3 اور نعمان علی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کیشف مہاراج 2 اور کپتان کوئنٹن ڈی کوک صفر رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں اور چوتھے روز ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھائیں گے۔

واضح رہے کہ پروٹیز نے اس میچ کا ٹاس جیت کر پہلے باری لی اور 220 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ پاکستان نے جواب میں فواد عالم اور دیگر بلے بازوں کی شاندار کاکردگی کی بدولت 378 رنز بنائے اور 158 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

Read Comments