براڈشیٹ کمیشن ،جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید پر علیحدگی پر زور
مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید براڈ شیٹ کمیشن سے باعزت علیحدگی اختیار کرلیں، ورنہ مسلم لیگ ن ان کے خلاف حقائق سامنے لائے گی۔ بلاول بھٹو کی ان ہاوس تبدیلی کی تجویز پر پی ڈی ایم کے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ مریم نواز نے بختاور بھٹو زرداری کی شادی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کھوکھر پیلیس لاہور میں کھوکھر برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ نہیں بلکہ فراڈ شیٹ کے بچھائے گئے جال میں بڑے سوراخ ہو گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واٹس ایپ کالز کرنے والے اور جے آئی ٹی بنانے والے جسٹس عظمت سعید کو چاہئے کہ وہ اس کمیشن سے باعزت طور پر علیحدہ ہو جائیں، ورنہ ان کے خلاف ماضی کے حقائق بیان کرنا پڑیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی بارے انہوں نے ٹی وی پر بلاول بھٹو کا بیان سنا ہے، لیکن اس ایشو کو پی ڈی ایم کے آئندہ اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ہدایت پر وہ کھوکھر برادران سے اظہار یکجہتی کیلئے آئی ہیں۔ قبضہ مافیا ختم کرنا ہے تو ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے والے مافیا کو ختم کرنا ہو گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نون لیگ کی جڑیں پورے پاکستان میں مضبوط ہیں، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے کیلئے کوئی تیار نہیں ہو گا، انہوں نے بختاور بھٹو کی نئی زندگی کے آغاز پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔