اپ ڈیٹ 27 جنوری 2021 06:51pm

کراچی ٹیسٹ:دن کےاختتام پرپاکستان کوجنوبی افریقہ پر 88 رنزکی برتری

کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے شاندار کم بیک کیا، قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 308 رنز بنالئے، فواد عالم نے ہوم گراؤنڈ پر پہلی سنچری اسکور کی۔ پاکستان کو مہمان ٹیم پر 88 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

کراچی ٹیسٹ میں شاہینوں کا فائٹ بیک، مڈل اور لیٹ آرڈر نے خوب ذمہ داری دکھائی جس کی وجہ سے پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوگئی اور پروٹیز پر 88 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

کھیل کے دوسرے روز پاکستان نے 4 وکٹوں پر 33 رنز سے اننگز آگے بڑھائی تو اظہر علی اور فواد عالم ڈٹ گئے اور 94 رنز کی شراکت بناتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

اظہر علی کی اننگز 51 رنز پر تمام ہوئی جبکہ محمد رضوان 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔ دوسرے اینڈ پر فواد عالم چٹان بنے رہے اور ہوم گراؤنڈ پر پہلی اور کیرئیر کی تیسری سنچری داغ دی۔ انہوں نے 109 رنز اسکور کئے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 64 رنز کا حصہ ڈالا، کھیل کے اختتام پر حسن علی 11 اور نعمان علی 6 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ پہلے روز کھیل پروٹیز کے 220 رنز کے جواب میں قومی ٹیم نے 4 وکٹوں پر 33 رنز بنائے تھے اور ٹیم شدید مشکلات کا شکار نظر آرہی تھی۔

کھیل کے پہلے روز پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر بری طرح ناکام ہوا، دونوں اوپنرز عابد علی اور ڈیبیو میچ کھیلنے والے عمران بٹ بالترتیب 4 اور 9 رنز بنا کر 15 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے تھے، کپتان بابر اعظم 7 رنز بناسکے جبکہ نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بھی 4 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور صفر کے اسکور پر چلتے بنے تھے۔

Read Comments