پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ، متبادل روٹ پلان جاری
کراچی: نیشنل اسٹیدیم میں 26 جنوری سے 30 جنوری تک پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ میچ کا ٹاکرا ہوگا، میچ کے دوران اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں عام ٹریفک کیلئے بند ہونگی، ٹریفک پولیس حکام نے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں میچ کے اوقات میں صبح 9 سے شام 6 تک بند رہیں گیں، شارع فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈ جانب اسٹیڈیم عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس کے ساتھ ہی کارساز، ڈرگ روڈ، شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم سے نیپا اور اسی طرح ایئرپورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم و نیپا کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں جبکہ راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں، اسی طرح لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تمام ٹریفک یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب جاسکے گا۔
یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن ٹریننگ اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کیلئے بند ہوگا، جیل چورنگی سے شہید ملت یا پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کرسکیں گے۔ آغا خان ہسپتال، لیاقت نیشنل ہسپتال اور اطراف کی رہائشیوں کو نیو ٹاؤن تھانہ کی طرف سے آنے کی اجازت ہوگی جبکہ ٹریفک روٹس میں پریشانی کا شکار شہری ٹریفک پولیس مددگار پر رابطہ کرکے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔