شائع 21 جنوری 2021 07:19pm

ٹی ٹین لیگ کیلئےپاکستانیوں کو تاحال یو اے ای کےویزے جاری نہ ہوسکے

لاہور: ٹی ٹین لیگ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو تاحال یو اے ای کے ویزے جاری نہ ہو سکے۔ سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کے سبب پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کی روانگی تاخیر کا شکار ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق ٹی ٹین لیگ کے منتظمین کی طرف سے پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کیلئے یو اے ای میں داخلے کا خصوصی اجازت نامہ حاصل کیا جارہا ہے اور جلد ان کی روانگی کا پروانہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

کوویڈ 19 کی وجہ سے پاکستانیوں کو فی الحال یو اے ای کے ویزے بند ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹس تیار کرنے کے بعد قومی کرکٹرز اور آفیشلز کو روانگی کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹین لیگ کا معاہدہ رکھنے والے کرکٹرز کو پاکستان کپ سے ریلیز کردیا ہے۔ 28 جنوری سے ابوظہبی میں شروع ہونے والی لیگ کیلئے پاکستان کے آصف علی، اعظم خان، شرجیل خان، محمد حفیظ، محمد عرفان، معاذ خان، شعیب ملک، سہیل اختر اور محمد عامر کا مختلف ٹیموں کی طرف سے کھیلنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

سابق کپتان شعیب ملک اور پیسر محمد عامر پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں۔

Read Comments