چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین احسان مانی کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں، انہوں نے 6 ماہ میں 57 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات کئے۔
چیئرمین پی سی بی کا عہدہ اعزازی لیکن اخراجات بھاری، احسان مانی نے ایک ماہ میں اوسطً 9 لاکھ 51 ہزار روپے خرچ کئے، دستاویزات کے مطابق احسان مانی نے رہائش کی مد میں 22 لاکھ 2 ہزار روپے سے زائد خرچ کئے۔
اس کے علاوہ گاڑی اور ڈرائیور کی مد میں 5 لاکھ 29 ہزار روپے، علاج معالجہ کیلئے 81 ہزار 8 سو روپے، کورونا وائرس کے باوجود غیر ملکی دوروں پر 11 لاکھ 85 ہزار 6 سو روپے، اندرون ملک سفر پر 9 لاکھ 67 ہزار روپے، سیکورٹی گارڈ اور ملازمین کی مد میں 3 لاکھ 49 ہزار روپے اور بزنس انٹرٹینمنٹ کی مد میں 2 لاکھ 27 ہزار روپے سے زائد کی رقم وصول کی۔
دوسری جانب رواں مالی سال میں گورننگ بورڈ کے اجلاس کیلئے ممبران پر بھی 6 لاکھ 98 ہزار روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی ہے۔