شائع 26 دسمبر 2020 09:11pm

'اپوزیشن استعفے دے گی تو ان کے فارورڈ بلاک بن جائینگے'

وزیراعظم عمران خان نےپیشگوئی کرتے ہوئےکہا ہے کہ مجھ سے لکھوا لیں اپوزیشن استعفے دے گی تو ان کے فارورڈ بلاک بن جائیں گے۔ پارٹی کے لوگوں کو پتہ ہے یہ اپنی کرپشن بچانے کے لئے کر رہے ہیں۔

چکوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتےہوئےوزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے کروڑوں خرچ کیے انتخابات لڑنے میں وہ ان کے کہنے پر استعفے کیوں دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان 12 ویں کھلاڑی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے اربوں کے پیسے بنائے اور آمدن کا پتہ نہیں۔ان کا کوئی زریعہ معاش نہیں ہے۔ ان کے کہنے پر کوئی استعفی نہیں دے گا۔ پارٹی کے لوگوں کو پتہ ہے یہ اپنی کرپشن بچانے کےلئے کررہے ہیں۔ جواب انہوں نے دینا ہے اور اپنےارکان سےقربانی مانگ رہے ہیں.ان کے ارکان اسمبلی کبھی قربانی نہیں دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نےکہا کہ مجھ سے لکھوا لیں یہ استعفے دیں گے تو ان کے فارورڈ بلاک بن جائیں گے۔ یہ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں اور ان کو حقارت سے دیکھتے ہیں۔ مینار پاکستان پر پتہ چلا گیا کہ لاہوری بے وقوف ہیں یا نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ توانائی سے متعلق امور پر قوم سے جلد خطاب کروں گا۔ برصغیر میں سب سے مہنگی بجلی پاکستان میں ہے۔ کوشش کر رہے ہیں عوام پر قیمتوں کا بوجھ نہ پڑے۔ قرضے ملک پر بوجھ بن چکے ہیں۔آئی پی پیز کے ساتھ مزاکرات کیے ہیں۔ بجلی بنانے اور بیچنے کی قیمت میں 3 روپے کا فرق ہے۔ اگر بجلی مہنگی نہیں کریں گے تو قرضے بڑھیں گے۔

انہوں نےکہا کہ یہ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں اور ان کو حقارت سے دیکھتے ہیں۔ساری قوم جانتی ہے30 سال سے یہ ملک پر ظلم کر رہے ہیں۔جس طرح ان کی اولادیں رہتی ہیں ویسے شہزادے بھی نہیں رہتے ہیں۔جس نے یہ سمجھا قوم بے وقوف ہے اس سے بڑا بیوقوف کوئی نہیں ہے۔

Read Comments