شائع 25 دسمبر 2020 03:21pm

سال 2020 میں کورونا وبا نے پاکستان کرکٹ کیلنڈر بھی متاثر کیا

لاہور: سال 2020 میں کورونا وبا نے پاکستان کرکٹ کیلنڈر کو بھی متاثر کیا۔ بنگلادیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ملتوی ہوا، پی ایس ایل فائیو بھی 2 مراحل میں مکمل ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سال 2020 میں دیگر شعبوں کی طرح کورونا وائرس نے پاکستان کرکٹ کو بھی بری طرح متاثر کیا، اس وبا کے باعث پاکستان سپر لیگ کو 2 مراحل میں مکمل کرنا پڑا، ایونٹ میں کراچی کنگز فاتح ٹھہری۔

بنگلادیش نے ایک ٹیسٹ میچ کیلئے فروری میں پاکستان کا دورہ کیا، ہوم گراؤنڈ پر پاکستان نے با آسانی اننگ اور 44 رنز سے کامیابی سمیٹی۔ اپریل میں شیڈول سیریز کا دوسرا ٹیسٹ اور واحد ون ڈے میچ بھی کورونا کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔

پاکستان ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں حصہ لیا۔ انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز 0-1 سے اپنے نام کی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔

زمبابوے کیخلاف راولپنڈی میں کھیلی گئی تین ایک روزہ میچز کی ہوم سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کی جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹٰی میچز میں کلین سویپ فتح حاصل کی۔

سال کے اختتام پر دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔ بابر اعظم کو اظہر علی کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی سونپ دی گئی، مصباح الحق کی جگہ محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر کے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے شائقین کو مایوس کیا۔

Read Comments