شائع 24 دسمبر 2020 10:26am

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی رقوم 200 ملین ڈالرسے متجاوز

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجے گئے فنڈز 200 ملین ڈالر کو عبور کرگئے، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جمعرات کو ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو "عظیم اثاثہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فنڈز بھیجنے پر ملک کے 'عظیم اثاثے' کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے ٹویٹ کیا، 'رفتار میں تیزی آ رہی ہے: پہلے 100 ملین 76 دن میں آئے اور اگلے 100 ملین ڈالر صرف 28 دن میں آئے۔'

واضح رہے کہ 10 دسمبر کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ 7.70 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔

وزیر اعظم نے ستمبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کیا تھا، جو لاکھوں غیر مقیم پاکستانیوں (این آر پی) کے لئے پاکستان میں فنڈ کی منتقلی، بل کی ادائیگیوں اور سرمایہ کاری کی سرگرمیاں انجام دینے کے لئے بینکاری کے جدید حل فراہم کرتا ہے۔

اکاؤنٹ رکھنے والے ان ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعہ پراپرٹیز کی خرید و فروخت اور کاروبار کرسکتے ہیں۔

Read Comments