شائع 23 دسمبر 2020 10:31pm

صدر کا ملک کی مجموعی ترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت پر زور

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی مجموعی ترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کو قانونی، معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کےلئے قومی اقدامات کے بارے میں ایک کانفرنس میں اظہارخیال کررتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے خواتین کے سماجی تحفظ پر بھی زور دیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں خواتین کے حقوق کی مکمل ضمانت دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات سید شبلی فراز نے اس موقع پر کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ انتہائی ضروری ہے کیونکہ وہ پاکستان کی آبادی کا 50فیصد ہیں۔

انہوں نے ادب، ڈرامہ اور ثقافت کے ذریعے سماجی مسائل اجاگر کرنے پر زور دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے دفاتر میں ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کی غرض سے خواتین کےلئے ڈے کیئر سینٹرز کی دستیابی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت سے کہا کہ وہ خواتین کو باروزگار بنانے کےلئے انہیں ہنر سکھانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔

صدر نے خواتین کو فوری انصاف کی فراہمی کے لئے جیوڈیشل اصلاحات پر بھی زور دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار اور فعال بنانے میں خواتین کی مالی خودمختاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

ریڈیو پاکستان

Read Comments