کراچی: فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے 8 افراد جاں بحق، 24 زخمی
نیو کراچی میں فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 24 زخمی ہو گئے۔ اس بات کی تصدیق اسپتال انتظامیہ نے کی ہے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ فیکٹری آئس اینڈ کولڈ اسٹوریج فیکٹری ہے۔ دھماکے کے باعث فیکٹری منہدم ہو گئی۔ دھماکے کے وقت متاثرہ فیکٹری میں 7 افراد کام کر رہے تھے۔
فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے اطراف کی فیکٹریوں کو بھی نقصان پہنچا اور راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملبےتلے اب بھی لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ فیکٹری کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری موقع پرموجود ہے جبکہ ضلع وسطی پولیس کے افسران واہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ایس ایس پی سینٹرل اوران کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔
دوسری جانب عباسی شہید اسپتال میں متاثرین اور ان کے لواحقین کی رہنمائی کیلئے ایمرجنسی ڈیسک قائم کردیا گیا ہے۔ ایمرجنسی ڈیسک کی نگرانی کیلئے ایس پی گلبرگ اظہر مغل موجود ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیاجارہا ہے۔ پولیس ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ جائے حادثہ پرموجود ہے۔