شائع 22 دسمبر 2020 05:07pm

فہیم اشرف اور محمد رضوان اپنا لوہا منوانے میں کامیاب

نیپئر: پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے پہلے دو میچوں میں تو مایوس کیا مگر آخری ٹی ٹوئنٹی میں سب حساب چکتا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق محمد رضوان نے نیپئر میں 59 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل ڈالی۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 فلک شگاف چھکے شامل تھے۔

محمد رضوان کی اننگز نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا اور اُنہیں میچ کا ہیرو بھی قرار دیا گیا۔

دوسری جانب فہیم اشرف نے بھی بولنگ میں خوب کمال دکھایا، ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ کیوی ٹیم باآسانی 200 رنز کا مجموعہ کھڑا کردے گی مگر فہیم کے 4 اوورز کے اسپیل نے کیویز کو دھچکا دیا۔

آل راؤنڈر نے اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں محض 20 رنز دے کر کین ولیمسن، سائفرٹ اور جمی نیشنم کی قیمتی وکٹیں اڑائیں۔

واضح رہے کہ آج شاہینوں نے کیویز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دی تاہم سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ 26 دسمبر سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

Read Comments