باکسر محمد وسیم کی لاہور قلندرز کے ہیڈ کوارٹر میں آمد
لاہور: پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوارٹر پہنچے جہاں اُن کی ملاقات لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا سے ہوئی۔
اس موقع پر محمد وسیم نے پلئیرز ڈویلپمنٹ پروگرام اور نوجوان کرکٹرز کو پلیٹ فارم مہیاء کرنے کی تعریف کی جبکہ عاطف رانا نے محمد وسیم کو لاہور میں پروفیشنل فائٹ جیتنے پر مبارکباد دی۔
محمد وسیم نے کہا کہ لاہور قلندرز کی انتظامیہ سے مل کر بہت خوشی ہوئی، قلندرز فیملی کھیل کی بہتری کیلئے بہت کام کررہی ہے۔
باکسر نے مزید کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے مگر پلیٹ فارم مہیاء کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لاہور قلندرز کی جانب سے باکسرز کیلئے آگے آنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا تھا کہ محمد وسیم پروفیشنل باکسنگ میں تیزی سے نام بنا رہے ہیں، اُن کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمد وسیم کے ساتھ مل کر باکسنگ کیلئے لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم پر کام کریں گے۔