ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی پر ہیڈ کوچ مصباح الحق مایوس
نیپئر: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے، میزبان ٹیم نے اپنے وسائل رہتے ہیں ہوئے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ضرورت ہے اور جتنی جلدی ہم ان شعبوں میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لئے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ بولرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر بابراعظم کی انجری کو تقریباً دو ہفتے گزر چکے ہوں گے تاہم نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کیلئے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کیلئے ایک سخت فیصلہ ہوگا، مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔