بھارت پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ابوظہبی میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے دنیا کو بھارتی سازش سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارت پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کر رہا ہے، سرجیکل اسٹرائیک کیلیے بھارت اپنے پارٹنرز کی اجازت کا منتظر ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، لیکن اگر بھارت نے کوئی کارروائی کی تو پاکستان مؤثر جواب دے گا، بھارتی حرکت سے افغان عمل متاثر ہوسکتا ہے۔
گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھی کہا تھا کہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کررہا ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کررہا ہے اور فوجی مہم جوئی کے لیے بیرونی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کے پاس بھارتی منصوبے کی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں تاہم پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے آج صبح لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور جان بوجھ کر اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کی گاڑی کو نشانہ بنایا تاہم فائرنگ میں اقوام متحدہ کے دونوں اہلکار محفوظ رہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور وہ ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد اور 2003 کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے کی اجازت دے۔
واضح رہے کہ بھارت اس سے پہلے بھی پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی بھونڈی کوشش کر چکا ہے جس میں اسے خود ہزیمت اٹھانی پڑی تھی۔ اس بار کوئی ہوشیاری کرنے کی کوشش کی تو دشمن یاد رکھے، پاکستان ستائیس فروری سے بھی زیادہ برا حال کرے گا۔
جب پہلی بار مکار دشمن نے اپنی جھوٹی کہانی میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان میں گھس کردہشت گردوں کوٹھکانے لگایا ہے۔ مگر یہ کہانی الٹی ہی پڑگئی تھی۔
دنیا نے ثبوت مانگے تو بھارت آئیں بائیں شائیں کرتا رہا، البتہ پاکستان نے ایل او سی پر موجود وہ مقام دنیا کو دکھایا اور بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کردیا۔
26 فروری 2019 بھارت نےایک اور ڈراما رچایا اور بالاکوٹ پر ایئر اسٹرائیک کا دعویٰ کیا۔ مگر اس بار بھی دشمن نے ہزیمت اٹھائی، دنیا نے دیکھا بھارت ایک کوا اور چند درخت ہی شہید کرسکا۔
دنیا نے پھر 27 فروری بھی دیکھی، دفاع کیا ہوتا ہے شاہینوں نے بتایا۔ بھارتی پائلٹ ابھینندن کو فضا سے زمین پر گرایا اور دنیا کو مکار چہرہ دکھایا۔ چائے کا ذائقہ آج بھی یاد تو ہوگا، بھارت یاد رکھے اس بار کچھ کیا توحشر27 فروری سے زیادہ بھیانک ہوگا۔ دشمن کسی بھی جارحیت سے پہلے ایک حقیقت یاد رکھے، جرات بہادری اور سرفروشی کی داستان پاکستان کی مسلح افواج نے ہر بار رقم کی ہے۔